وفاقی وزیر داخلہ کی عراقی ہم منصب سے ملاقات، زائرین کی سہولتوں کے لئے نئے اقدامات اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا
پاکستانی وزارتِ داخلہ کی فراہم کردہ فہرست میں شامل تمام زائرین کو عراق آنے کی اجازت دی جائے گی‘مقررہ مدت سے زیادہ قیام نہیں کر سکیں گے :عراقی وزیر داخلہ
برسلز(آئی این پی )پاکستان اور عراق نے دونوں ممالک کی وزاراتِ داخلہ کے مابین تعاون کو پائیدار اور موثر بنیادوں پر مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے ۔ یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور عراقی وزیر داخلہ جنرل عبدالامیر الشمری کے درمیان برسلز میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا جس میں پاک عراق دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور زائرین کی سہولت کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس حوالے سے دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے قریبی رابطے میں رہیں گے تاکہ زائرین کی فیسیلیٹیشن اور نگرانی کو موثر بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی زائرین کی سلامتی، عزت اور سہولت حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے‘عراقی وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی وزارتِ داخلہ کی فراہم کردہ فہرست میں شامل تمام زائرین کو عراق آنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ زائرین کو مقررہ مدت سے زائد قیام کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ عراقی وزیر داخلہ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ملاقات میں زائرین کی سہولت، سیکیورٹی تعاون اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کا مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔