چلڈرن ہسپتال بچہ مین ہول میں گر کر ہلاک

3سالہ باسم والدین کی اکلوتی اولاد ، چیک اپ کیلئے چونیاں سے ہسپتال لیکر آئے تھے، انکوائری کمیٹی قائم ،وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں علاج کرانے آیا تین سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا، ہسپتال انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کردی۔ مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والا بچہ باسم والدین کی اکلوتی اولاد تھا، باسم کے والدین چیک اپ کے لئے اسے ہسپتال لیکر آئے تھے، بچہ ایڈمن آفس کے ساتھ واقع پارک میں کھیلتا ہوا مین ہول میں جاگرا۔باسم کے والدین قصور کے علاقہ چونیاں کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے بچے کے والد کی درخواست پر قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے تین رکنی انکوائری کمیٹی بنا دی۔کمیٹی میں ڈاکٹر عابد، ڈاکٹر عائشہ اور اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر ابوذر شامل ہیں۔اے ایم ایس چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر ابوذر نے کہا مین ہول کی صفائی کا عمل جاری تھا والدین کی غفلت کی وجہ سے بچہ مین ہول میں گرا، ہم نے لکھ کر لگایا ہے مین ہول کی صفائی کا عمل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور کہا ہسپتال میں مین ہول کا کھلا ہونا مجرمانہ غفلت ہے۔ذمہ دار کا تعین کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔