ویب ڈیسک:ٹریفک پولیس لاہور نے علامہ خادم حسین رضوی کے تین روزہ عرس کی تقریبات کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
یہ عرس مدرسہ رحمت العالمین میں منعقد ہوگا، اور اس سلسلے میں چوک یتیم خانہ، بند روڈ، ملتان روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے ایمبولینس کے لیے راستہ کلئیر رکھنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ ایمرجنسی خدمات کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ ہو۔ ایس پی صدر شہزاد خان تمام تر ٹریفک انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں، اور اس کام کے لیے 2 ڈی ایس پیز، 10 انسپکٹرز اور 195 وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔ٹریفک کی ڈائیورشن مختلف راستوں پر کی گئی ہے جن میں سمن آباد چوک سے یتیم خانہ چوک، شاہ فرید چوک سے سبزہ زار چوک، سٹی اڈہ، رہبر اڈہ، رحیم اسٹور، بجلی گھر چوک سے یتیم خانہ شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، نوانکوٹ کٹ، شیل کٹ، دبئی چوک، چوبرجی چوک اور دیگر اہم مقامات سے ہیوی ٹریفک کی ڈائیورشن بھی کی گئی ہے۔سی ٹی او لاہور نے عرس کے شرکاء کو اسٹیٹ بنک کے خالی پلاٹ نزد یتیم خانہ میٹرو اسٹیشن اور سبزہ زار پارکنگ گیٹ میں پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شہریوں کو کسی بھی قسم کی راہنمائی یا مدد کی ضرورت ہو تو وہ ہیلپ لائن 15 پر کال کر سکتے ہیں۔