راغب نعیمی نے غیر مناسب رائے دی‘انہیں چاہیے تھا اس رائے کا اظہار کرنے سے قبل مشورہ کر لیتے
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے اسلامی نظریاتی کونسل کے وی پی این کے استعمال کو غیر شرعی قرار دینے کے فیصلے پر بیان جاری کردیا۔۔ انہوں نے نجی ٹی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ وی پی این کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کا بنتا ہی نہیں ہے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے خواہ مخوا اس معاملے پر اپنی رائے دی ہے، مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے کیوں اس رائے کا اظہار کیا ہے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا میں سمجھتا ہوں کہ راغب نعیمی نے غیر مناسب رائے دی ہے، انہوں نے حکومت کو سپورٹ کیا ہے لیکن ان کی سپورٹ الٹا حکومت کے لیے تنقید ثابت ہوئی ہے، انہیں چاہیے تھا کہ اس رائے کا اظہار کرنے سے قبل مشورہ کر لیتے،میں دعوے سے کہتا ہوں کہ وی پی این کا استعمال غیر شرعی نہیں ہے، اس پر کوئی گناہ یا سزا نہیں ہو گی، آپ بے دھڑک وی پی این کا استعمال کریں۔