پاکستان سمیت 10 ممالک نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مشترکہ بیان جاری کرنے والے ممالک میں پاکستان، ترکیہ، بنگلادیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، اردن، لیبیا، مالدیپ اور اسپین کے وزرائے خارجہ شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا ایک پُرامن شہری اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام تھا، جس کا مقصد غزہ میں فلسطینیوں کو درپیش سنگین انسانی بحران کی طرف عالمی توجہ مبذول کروانا تھا۔ممالک کے مشترکہ مؤقف میں کہا گیا کہ شہری کشتیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے، جبکہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں کارکنوں کی گرفتاری عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گرفتار تمام کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے حقوق اور وقار کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔مزید کہا گیا کہ پرامن انسانی سرگرمیوں پر حملے بین الاقوامی قانون اور آزاد بحری نقل و حرکت کے اصولوں کے منافی ہیں، اس لیے عالمی برادری کو اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔مشترکہ بیان میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ ان مبینہ خلاف ورزیوں پر احتساب یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور اسرائیل کو استثنیٰ دینے کے رجحان کا خاتمہ ہونا چاہیے۔