وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ اہم سکیورٹی اور انتظامی امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران کوئٹہ میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں بلوچستان کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہوں گے اور وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان، انسداد دہشت گردی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بارڈر مینجمنٹ، سکیورٹی فورسز کی کارکردگی اور حساس علاقوں میں صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔وزیراعظم کوئٹہ کے دورے کے دوران صوبائی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے اور بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور استحکام کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔