عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی لاہور سمیت پنجاب بھر کی مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کا رش بڑھنے لگا ہے، جبکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں اور ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں قائم 222 مویشی منڈیوں میں مجموعی طور پر 4 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ صرف لاہور کی 6 بڑی مویشی منڈیوں میں 600 سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ شہریوں اور بیوپاریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں جامع سکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف حکومت کی جانب سے منظور شدہ مقامات پر ہی مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت ہوگی۔آئی جی پنجاب نے غیر قانونی مویشی منڈیوں اور غیر مجاز سیل پوائنٹس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوسربازوں، جیب تراشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کی روک تھام کے لیے موثر پٹرولنگ پلان بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
پنجاب پولیس کے مطابق پولیس رسپانس یونٹس اور پٹرولنگ ٹیمیں منڈیوں کے اطراف مسلسل گشت کر رہی ہیں جبکہ مختلف داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل بھی سخت کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق صوبے کے دیگر ریجنز بشمول شیخوپورہ، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے لیے سینکڑوں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فورس مکمل طور پر الرٹ ہے۔