وفاق کو بار بار کہا ہے صوبے کے ساتھ زیادتی نہ کی جائے، گیس ، بجلی اور پانی ہم دے رہے ہیں ، لیکن پانی کا شیئرہمیں نہیں مل رہا:فیصل کریم کنڈی
ناکام پالیسی کا نقصان خیبرپختونخوا کو بھگتنا پڑے گا‘ خیبرپختونخوا کے عوام کو مجبور کیا جا رہا ہے وہ فیصلہ کریں:سہیل آفریدی‘مشترکہ پریس کانفرنس
پشاور (آئی این پی )گورنر، وزیراعلی اور اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے گندم کی ترسیل یقینی بنائی جائے ، معاملے میں شہباز سپیڈ نہیں دکھائی دی، صوبے کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے، کے پی کی عوام کو روٹی مہنگی ملے گی تو وہ سڑکوں پر نکلیں گے۔ گندم کی ترسیل کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہم آئین کے تحت بات کرتے ہیں، آئین کی بات کرتے ہوئے گندم کی کمی پر صوبے کو گندم فراہم کی جائے، آج اس مسئلہ پر حکومت اور اپوزیشن دونوں کو بٹھایا گیا ہے، سی این جی کے حوالے سے آرٹیکل بالکل واضح ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف لاک ڈائون ہوتا ہے اور تیل کی کھپت کم ی جائے اور سی این جی بند کر دی جائے، ہم نے وفاق کو بار بار کہا ہے کہ صوبے کے ساتھ زیادتی نہ کی جائے، گیس ، بجلی اور پانی ہم دے رہے ہیں ، لیکن پانی کا شیئرہمیں نہیں مل رہا، ہمیں پانی کا شیئر دیا جائے تو پھر ہمیں کسی صوبے سے گندم نہیں چاہئے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کی طرح سلوک نہ کیا جائے، سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ کے پی ہے، حکومت کے پی کی عوام کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے، آپ کی ناکام پالیسیوں سے خیبرپختونخوا کا امن خراب ہو رہا ہے، آپ کو بتا رہا ہوں ان کی ناکام پالیسی کا نقصان خیبرپختونخوا کو بھگتنا پڑے گا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ فیصلہ کرے، پورے پاکستان کو آئین کی کتاب نے جوڑا ہوا ہے اگر اس کو نہیں مانا جاتا تو آپ اپنا اور ہم اپنا کریں گے، ایسا نہ کیا جائے کیونکہ اس میں عوام اور پاکستان کی بھلائی ہے