لاہور:شدید گرمی کی لہر کے دوران پیر کو شہر میں گرد آلود ہواؤں نے وقتی ریلیف فراہم کیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ اتوار کے روز لاہور کا پارہ 44 ڈگری تک جا پہنچا تھا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ یہ موسم میں تبدیلی ایک ہلکے موسمیاتی سسٹم کی آمد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری رکھیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق، تمام سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ شہریوں کو ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے میٹھے پانی کی فراہمی کے خصوصی کیمپس لگائے گئے ہیں۔ متعلقہ ادویات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے میڈیا کے ذریعے شہریوں کو سخت گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں، بچوں اور مریضوں کا خاص طور پر خیال رکھنا ضروری ہے کیونکہ گرمی کی شدت ان پر زیادہ اثرانداز ہو سکتی ہے۔ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، سخت دھوپ میں مشقت یا ورزش نہ کریں اور ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں۔پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ہیٹ ویو سے ممکنہ خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔