لاہور کا درجہ حرارت42 ، سبی کا50ڈگری رہا ، پنجاب کے چنداضلاع،بالائی علاقوں میں آج بارش
لاہور، اسلام آباد،جیکب آباد (خصوصی رپورٹ)ملک کے بیشتر علاقے سخت گرمی کی لپیٹ میں آگئے، ہیٹ ویو کی لہر بھی جاری ،درجنوں افراد بیہوش،سبی کاپارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق سبی گزشتہ روز ملک کا گرم ترین شہر رہا جبکہ تربت میں درجہٓ حرارت 45 ڈگری رہا تاہم یہاں گرمی کی شدت 49 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔لاڑکانہ ، نوابشاہ 49، سکھر، دادو، جیکب آباد 48،رحیم یار خان 47 ، ڈی جی خان،بھکر،بہاولنگر ، نوکنڈی ، موہنجوداڑو 46 ،کوئٹہ 40،حیدرآباد، لاہور، فیصل آباد ، پشاورکاپارہ 42مگرگرمی کی شدت 47 ڈگری، اسلام آباد، راولپنڈی کاپارہ 45 ،گرمی کی شدت 48 ڈگری محسوس کی گئی۔ سبی، جیکب آباد اور گردونواح میں سورج آگ برسانے لگا ،شدید گرمی پر لوگ گھروں میں محصور ہو گئے، بازار ، شاہراہیں سنسان ہوگئیں، متعدد افراد ہیٹ سٹروک سیبیہوش ہو گئے۔قیامت خیز گرمی میں کئی علاقوں میں بجلی بھی غائب رہنے لگی، غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ سیپکو کی جانب سے شہر کے 8 فیڈر زکو دیہی میں شامل کر کے بدترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس پر سومرو محلہ کیمتاثرین نے احتجاجی جلوس نکالا۔ محکمہ موسمیات نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا ہے کہ گرمی اور جان لیوا بیماریوں سے بچنے کیلئے سخت احتیاطی اقدامات کریں۔ ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم نے انٹر ویو میں خبردار کیا کہ بالائی پنجاب اور پختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 7 جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان ہیٹ ویو کی زد میں ہیں، جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت اوسط سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کاامکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، منڈی بہائوالدین ، گجرات جبکہ گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ راولاکوٹ میں 4 ملی میٹرجبکہ مری میں ہلکی بارش ہوئی۔