سعودی دارالحکومت ریاض میں ایران نے آئل تنصیبات اور فوجی اڈوں کو ڈرونز اور بیلسٹک میزائلز سے نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سعودی عرب کے ایئر ڈیفنس سسٹمز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بیشتر ڈرونز اور دو بیلسٹک میزائلز کو فضاء میں ہی تباہ کر دیا، جس سے ممکنہ بڑے جانی اور مالی نقصان سے بچا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے بوشہر صوبے میں آئل ریفائنریز پر حملے کیے۔ ایران نے ریاض کی جانب داغے گئے درجنوں ڈرونز کے ذریعے سعودی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔سعودی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ ایئر ڈیفنس نے موثر کارروائی کے ذریعے ملک کے مشرقی علاقوں میں داغے گئے میزائلز کو ناکارہ بنایا۔دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور قطر کی اسٹریٹجک آئل ریفائنریز بھی اس کے نشانے پر ہیں اور اگر خطے کے ممالک امریکہ کے ساتھ کھڑے ہوئے تو حملوں کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیش رفت کے بعد خلیج میں تناؤ میں اضافہ ہو گیا ہے، اور خطے کے ممالک کے لیے سلامتی اور توانائی کے شعبوں میں خطرات بڑھ سکتے ہیں۔