ایس پی ڈولفن لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کا ڈولفن اوپس روم کا دورہ

 15 کالز پر تاخیر سے رسپانس پر ٹیموں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی ڈولفن لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید نے ڈولفن اوپس روم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ورکنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق اس موقع پر ڈی ایس پی ڈولفن ہیڈ کوارٹرز افتخار رسول بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایس پی ڈولفن نے اوپس روم میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر آنے والی کالز کے طریقہ کار کا جائزہ لیا اور ڈولفن و پی آر یو کے اوسط رسپانس ٹائم کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے شہریوں کی جانب سے کی جانے والی مختلف کالز پر خود ٹیلی فون کے ذریعے فیڈبیک حاصل کیا۔دورے کے دوران لائیو مانیٹرنگ کرتے ہوئے سیکٹر انچارجز اور ٹیموں سے ڈیوٹی کے حوالے سے استفسار کیا گیا۔ ایس پی ڈولفن کا کہنا تھا کہ 15 کالز پر تاخیر سے رسپانس دینے والی ٹیموں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ بروقت رسپانس ڈولفن سکواڈ کا بنیادی مینڈیٹ ہے۔انہوں نے روڈ رابری، سنیچنگ اور جھپٹہ مار وارداتوں کی روک تھام کے لیے ٹیموں کو مزید متحرک ہونے کی ہدایت کی اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ ایس پی ڈولفن نے کہا کہ ڈولفن ٹیموں کی مؤثر اور نمایاں گشت کو یقینی بنایا جائے گا۔اظہر جاوید نے واضح کیا کہ شہریوں کے ساتھ بدسلوکی، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں تاکہ محکمہ اور عوام کا اعتماد بحال رہے