ڈولفن سکواڈ نے مختلف کارروائیوں میں 117 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا : ایس پی
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی ڈولفن لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید نے بتایا ہے کہ ڈولفن سکواڈ نے شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مزید برآں 6 خطرناک ڈکیت گینگز کو بھی حراست میں لیا گیا انہوں نے بتایا کہ دورانِ پٹرولنگ ڈولفن ٹیموں نے 31 اشتہاری ملزمان سمیت 259 عادی مجرمان اور 25 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 6 پستول، ایک رائفل اور درجنوں گولیاں و میگزینز برآمد کی گئیں اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 24 بوتلیں شراب، چرس اور آئس بھی برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ 63 مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کیا گیا جبکہ 398 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ایس پی ڈولفن نے مزید بتایا کہ ون ویلنگ، پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بھی سخت کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران 61 ون ویلرز اور 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف کارروائیوں میں 117 سے زائد افراد کو ریسکیو بھی کیا گیا۔ ایس پی ڈولفن لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کا کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت پرعزم ہے