پنجاب میں 19 مارچ سے 21 مارچ تک عید کی تعطیلات ہوں گی‘ اتوار کو ہفتہ وار چھٹی ‘پیر کو 23 مارچ کی سالانہ تعطیل ہوگی
جمعہ سے پیر تک سٹیٹ بینک سمیت تمام بینک بند رہیں گے‘لاہور ہائی کورٹ سمیت تمام عدالتیں آج سے21مارچ تک بند رہیں گی
لاہور‘کراچی(پبلک نیوز‘آئی این پی)پنجاب حکومت کی جانب سے عید الفطر پر 5چھٹیاں دے دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں 19 مارچ سے 21 مارچ تک تعطیلات دیں۔ اتوار کو ہفتہ وار چھٹی جبکہ سوموار کو 23 مارچ کی سالانہ تعطیل ہوگی۔مرکزی بینک نے عیدالفطر اور یوم پاکستان پر بینکوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔اعلامیہ کے مطابق عید اور یوم پاکستان پر سرکاری و نجی مالیاتی شعبہ 4 روز بند رہے گا، سٹیٹ بینک، سٹاک ایکسچینج، ایس ای سی پی، بینکس، مالیاتی اداروں میں چھٹی ہوگی۔جمعہ، ہفتہ 20 اور 21 مارچ کو عیدالفطر کی چھٹیاں ہوں گی، اتوار کو ویکلی آف اور پیر 23 مارچ یوم پاکستان کی چھٹی ہوگی۔دریں اثناء لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے عیدالفطر کے موقع پر پنجاب بھر میں عدالتی تعطیلات کی منظوری دے دی ہے جس کے لئے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا نوٹیفکیشن کے مطابق 19 سے 21 مارچ (جمعرات تا ہفتہ) عیدالفطر کی چھٹیاں ہونگی تعطیلات کے دوران لاہور ہائیکورٹ لاہور پرنسپل سیٹ، علاقائی بنچوں اور صوبہ بھر کی سول و سیشن عدالتیں مکمل بند رہیں گی۔