وزیراعظم اور کویت کے ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ‘عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ‘عمان کے سلطان کا شہبازشریف کو فون‘وزیراعظم کا عمان کے عوام کیساتھ اظہار یکجہتی
کم آمدنی والوں کیلئے سستے گھروںکے منصوبے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں‘رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ کے شعبوں کے ضابطہ کار کے حوالے سے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائیگا:وزیراعظم
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تمام ادائیگیاں سوشل پروٹیکشن والٹس کے ذریعے یقینی بنائی جائیں‘ ریلوے انفراسٹرکچر کی پائیدار بنیادوں پر تعمیر نو ضروری ہے:شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد عزت مآب شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے بدھ کو ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اپنی گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے پاکستان اور کویت کے عوام کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کویت کے امیر عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لئے نیک خواہشات اور احترام کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے ایک بار پھر کویت پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کویت کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام علاقائی ممالک کو امن، استحکام برقرار رکھنے اور تمام اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو عمان کے سلطان عزت مآب ہیثم بن طارق نے ٹیلی فون کیا۔ اپنی گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے عید کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام اور امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہء خیال کیا۔ عمان کے مختلف علاقوں میں حملوں کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر عمان کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے امن، استحکام اور تعمیری بات چیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف نے عام آدمی کو ہاؤس فنانس کی سہولت مؤثر انداز میں پہنچانے کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم آمدنی والوں کو رہائش کی فراہمی، سستے گھروںکے منصوبے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور پر اجلاس ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔وزیراعظم نے عام آدمی کو ہاؤس فنانس کی سہولت مؤثر انداز میں پہنچانے کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ تعمیرات کے شعبے کے حوالے سے ٹیکس اسٹرکچر میں اصلاحات کی جارہی ہیں۔ تعمیری شعبے کے لئے ٹیکس اسٹینڈرڈائزیشن پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبوں کی مشاورت جاری ہے۔ہاؤس مورٹگیج کے حوالے سے اصلاحات کا مسودے پر مشاورت جاری ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کم آمدن والوں کے لئے گھروں کی تعمیر پر لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ کے شعبوں کے ضابطہ کار کے حوالے سے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔علاہو ازیں شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تمام ادائیگیاں سوشل پروٹیکشن والٹس کے ذریعے یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل پروٹیکشن والٹس پاکستان میں فنانشل ٹیکنالوجیز اور شفافیت کے حوالے سے ایک انتہائی اہم سنگ میل اور کامیاب اقدام ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکج 2026 کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔پرائم منسٹر رمضان پیکج، 2026 کے تحت 89 فیصد مستحق افراد کو ادائیگیاں کر دی گئیں ۔وزیراعظم نے رمضان پیکج، 2026 کے تحت مستحقین کو رقوم کی شفاف طریقے سے فراہمی پر تمام متعلقہ اداروں کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوشل پروٹیکشن والٹس پاکستان میں فنانشل ٹیکنالوجیز اور شفافیت کے حوالے سے ایک انتہائی اہم سنگ میل اور کامیاب اقدام ہے‘ شہباز شریف نے پاکستان ریلویز کو مال برداری کی سہولیات اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کا نظام ملک کی معیشت اور مواصلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے‘ ملکی معاشی اور صنعتی ترقی کے لئے ملک بھر کے ریلوے انفراسٹرکچر کی پائیدار بنیادوں پر تعمیر نو کی ضرورت ہے‘علاقائی تجارت و روابط کے لئے ریلوے کو جدید بنیادوں پر ترقی دینا قومی پالیسی کا اہم جزو ہے