جو جماعت سکڑ رہی ہے، وہ عوام سے کہہ رہی ہمارے پیچھے چلیں: سعید غنی

 پانی کی تقسیم منصفانہ اور آئین کے مطابق ہونی چاہیے،، سندھ کی اجازت کے بغیر سے نئی کینالز نہیں نکالی جا سکتیں
 کراچی (آئی این پی)صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک میں پانی کی تقسیم منصفانہ اور آئین کے مطابق ہونی چاہیے، سندھ کی اجازت کے بغیر دریائے سندھ سے نئی کینالز نہیں نکالی جا سکتیں، جو جماعت سکڑ رہی ہے، وہ عوام سے کہہ رہی ہے کہ ہمارے پیچھے چلیں۔صوبائی وزیر سعید غنی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد آباد میں بڑا بریج تعمیر کیا جارہا ہے، اور آئندہ ماہ اپریل کے آخر میں اس منصوبے کا آغاز ہوگا۔سعید غنی نے کہا کہ ملک میں پانی کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے، اس حوالے سے سندھ اور پنجاب دونوں کو چیلنجز درپیش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بھی پانی کی قلت ہے، لیکن اس کے باوجود ہمارے عوام کو پینے کا پانی میسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین پیپلز پارٹی پر تنقید کر رہے ہیں کہ ہم کچھ نہیں کر رہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ جب کسی کو علم بھی نہیں تھا، اس وقت ہم نے کینالز پر آواز اٹھائی تھی، سندھ کی اجازت کے بغیر نئی کینالز نہیں نکالی جا سکتیں، اور نئی کینالز بنانے کا منصوبہ فی الحال ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو جماعت سکڑ رہی ہے، وہ عوام سے کہہ رہی ہے کہ ہمارے پیچھے چلیں۔ انہوں نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے بجائے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کریں۔