وطن دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ‘ پی ٹی آئی اپنے مفادات کی سیاست کر رہی ہے ، خان نہیں تو پاکستان نہیں ان کا نصب العین ہے‘ وطن کی سلامتی اور امن پی ٹی آئی کیلئے اہمیت نہیں رکھتے
،ہم نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا، پی ٹی آئی دور میں دہشتگردوں کو پھر لاکر بسایا گیا‘ ان دہشت گردوں کے سبب آج ایک بار پھر پورے ملک میں بے چینی کی کیفیت ہے
اسلام آباد(آئی این پی ) دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے وطن دہشت گردی کی آگ میں جل رہا اور پی ٹی آئی اپنے مفادات کی سیاست کر رہی ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت کے اعلان پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے آج اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان اول اور آخر ان کی ترجیح ہے، وطن کی سلامتی اور امن پی ٹی آئی کے لیے اہمیت نہیں رکھتے۔انہوں نے لکھا کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں ان کا نصب العین ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ وطن دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور پی ٹی آئی اپنے مفادات کی سیاست کر رہی ہے، اس سے بڑھ کے وطن دشمنی کیا ہو سکتی ہے۔پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا ہم نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا، پی ٹی آئی دور میں دہشتگردوں کو پھر افغانستان سے یہاں لاکر بسایا گیا۔انہوں نے کہا آج کے دن بھی اپوزیشن نے ریاست کی بجائے ایک شخص کو ترجیح دی، عوام کو ان کا اصل چہرہ دیکھنا چاہیے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے سابق دور حکومت میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا، پی ٹی آئی کے دور میں پھر افغانستان سے دہشت گردوں کو لاکر یہاں بسایا گیا۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں کے سبب آج ایک بار پھر پورے ملک میں بے چینی کی کیفیت ہے۔