تمام محکمے دوسری طاقتوں کے ہاتھ میں ہیں:جج طاہر سپرا

 اسلام آباد کے پراسیکیوٹر بہت ضدی اور خود کو ہمارے برابر سمجھتے ہیں:کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس
   اسلام آباد (آئی این پی )انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی ایم پی اے علی شاہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت ہوئی ۔ پولیس کی جانب سے  منگل کے روز  بھی ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔ جج نے ریمارکس دئیے اسلام آباد کے پراسیکیوٹر بہت ضدی ہیں وہ خود کو ججز کے برابر سمجھتے ہیں۔پولیس کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ تفتیشی افسر منڈی بہاالدین سے واپس نہیں آئے ۔ عدالت کو ان کے خلاف ایکشن لینا چائیے۔جج طاہر عباس سپرا نے کہا عدالت میں چالان پیش کرنا آپ کا کام ہے؟ پراسیکیوٹر نے جواب دیا جب تک چالان ہمارے پاس نہیں آتا ہماری ذمہ داری نہیں۔ جج نے ریمارکس دئیے اسلام آباد کے پراسیکیوٹر سمجھتے ہیں کہ وہ ججز کے برابر ہیں۔معززجج نے ریمارکس دئیے کہ اگر میں پولیس کو نوٹس کر سکتا ہوں کیا آپ کو نوٹس نہیں کر سکتا؟ ہم سب ایک غیرمعمولی صورتحال سے گزر رہے ہیں اس وقت تمام ڈیپارٹمنٹ کسی اور طاقت کے ہاتھ میں ہیں۔ آج  بدھ کی صبح تک دیکھ لیتے ہیں ریکارڈ آجائے گا ۔ کیس کی مزید سماعت بدھ کو ہو گی۔