فرانسیسی وزیرِ خارجہ ژاں نوئیل بارو نے کہا ہے کہ امریکا کو چاہیے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ لبنان میں جاری فوجی کارروائیاں بند کی جا سکیں۔
فرانسیسی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فرانس لبنان کی فوج کی مدد کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کی کوشش کر رہا ہے، جس کا مقصد اس حوالے سے عالمی حمایت کو متحرک کرنا ہے۔ژاں نوئیل بارو نے مزید کہا کہ فرانس اس وقت تک اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر پابندیاں ختم کرنے کی حمایت نہیں کرے گا جب تک تہران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوتی۔ان کے مطابق ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق خدشات دور ہونا ضروری ہیں، کیونکہ ان کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار استحکام ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے اتحادی گروپوں کی حمایت سے متعلق خدشات ختم ہونے تک بھی دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا، اور اس کے لیے ایران کو اپنی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی لانا ہوگی۔فرانسیسی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ اس تمام صورتحال میں سب سے زیادہ نقصان ایران کے عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے، اس لیے تہران کو اپنی موجودہ حکمتِ عملی پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔