لبنانی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے ضلع نبطیہ پر مبینہ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رات گئے ہونے والی شدید بمباری کے دوران رہائشی علاقوں اور مکانات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ادارے ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ مقامی سطح پر سیکیورٹی صورتحال انتہائی کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی حکام کی جانب سے جنوبی لبنان میں عسکری موجودگی اور کارروائیوں سے متعلق سخت مؤقف برقرار رکھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی سے متعلق مختلف سفارتی کوششوں اور مجوزہ معاہدوں پر بات چیت جاری ہے، جس میں لبنان کی صورتحال بھی زیر بحث ہے۔