جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے، 7 افراد جاں بحق، 20 زخمی

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے، 7 افراد جاں بحق، 20 زخمی

بیروت: جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

لبنانی حکام کے مطابق حملے جنگ بندی اور اسرائیل-لبنان فریم ورک معاہدے کے باوجود کیے گئے۔لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق نبطیہ الفوقا میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ قریبی علاقے عرب سلیم میں 2 خواتین جان کی بازی ہار گئیں۔ زخمیوں میں خواتین اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔وزارتِ صحت کے مطابق نبطیہ الفوقا میں ایک حملے کے نتیجے میں غیر فعال غندور اسپتال مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ نبطیہ شہر میں ایک تاریخی عمارت کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ سرکاری اداروں کے دفاتر بھی متاثر ہوئے۔لبنان کے صدر جوزف عون نے اسرائیلی حملوں کو خطرناک کشیدگی قرار دیتے ہوئے امریکا اور عالمی برادری سے فوری مداخلت اور اسرائیلی خلاف ورزیاں رکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر جوزف عون نے بالخصوص امریکا پر زور دیا کہ وہ اسرائیل-لبنان مذاکرات کی سرپرستی کے باعث اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی حملے رکوانے میں کردار ادا کرے۔لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بعض علاقوں میں اسرائیلی حملوں سے قبل کوئی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی۔ حملوں میں ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنائے جانے کی بھی اطلاع ہے۔تازہ اسرائیلی حملوں کے بعد جنوبی لبنان میں جنگ بندی کے باوجود جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ اسرائیل-لبنان فریم ورک معاہدے کے مستقبل کے حوالے سے بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔