تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیاں، 32 کلو سے زائد منشیات بر آمد
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 9 کارروائیاں کرتے ہوئے 3 نائجیرین باشندوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 32.84 کلوگرام منشیات بر آمد کی گئی۔ترجماناے این ایف کے مطابق اسلام آباد میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ایک نائجیرین باشندے کے قبضے سے 118 گرام آئس اور 14 گرام کوکین بر آمد ہوئی، جبکہ کاک پل اسلام آباد کے قریب ایک اور نائجیرین باشندے سے 116 گرام آئس اور 6 گرام کوکین بر آمد کر کے اسے گرفتار کیا گیااسی طرح پشاور روڈ راولپنڈی کے قریب ایک نائجیرین باشندے سے 5 گرام کوکین بر آمد ہوئی، جبکہ پشاور یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے ایک کلوگرام چرس بر آمد کی گئی۔گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔دیگر کارروائیوں میں کراچی کے ایک کوریئر آفس میں قطر بھیجے جانے والے پارسل میں موجود مردانہ کوٹ سے 1.3 کلوگرام آئس بر آمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیاگلشنِ اقبال کراچی کے ایک کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے بھی 287 گرام آئس بر آمد ہوئی۔اسلام آباد کے قریب ٹول پلازہ پر ایک گاڑی سے 22.8 کلوگرام چرس بر آمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سہراب گوٹھ کراچی میں ایک ملزم کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس بر آمد ہوئی۔ ریلوے روڈ پشاور کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے بھی 1.2 کلوگرام چرس بر آمد کی گئی۔اے این ایف نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔