پی ٹی اے نے غیر ملکی سموں کا استعمال ممنوع قراردیدیا

غیر ملکی سموں سے کی جانے والی کالوں ‘پیغامات سے صارفین کی  ذاتی اور مالی معلومات غیر محفوظ ہو سکتی ہیں
 اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے غیر ملکی سموں کا استعمال ممنوع قرار دیتے ہوئے شہریوں کے لیے اہم الرٹ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک بھر میں غیر ملکی سموں کے استعمال کے حوالے سے ایک اہم اور ہنگامی عوامی آگاہی الرٹ جاری کردیا۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سموں کا استعمال غیر قانونی اور ممنوع ہے، اور یہ شہریوں کے لیے شدید قسم کے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں پی ٹی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایسی غیر ملکی سموں سے کی جانے والی کالوں اور پیغامات کے نتیجے میں صارفین کی انتہائی حساس ذاتی اور مالی معلومات غیر محفوظ ہو سکتی ہیں۔