محر م میں نفرت انگیز تقاریر کے بجائے امن، محبت اور بھائی چارے کو عام کرنے کی ضرورت ہے
نوجوان سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے نفرت انگیز مواد، غلط معلومات کو ر وکیں: عالمی دن پر پیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے تعصب اور اشتعال انگیزی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ ہ وہ سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے نفرت انگیز مواد، غلط معلومات اورانتہاپسندی کے رجحانات کو ر وکیں ،انہوں نے معاشرے سے نفرت، تعصب اور تنگ نظری کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ماہ محرم الحرام میں نفرت انگیز تقاریر کی بجائے امن، محبت اور بھائی چارے کے درس کو عام کرنے کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نفرت انگیز مواد کی تیز رفتار ترسیل کو روکنا آج کے دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر انسانی حقوق کیلئے سنگین خطرہ ہیں، جو تشدد اور سماجی تقسیم کا باعث بنتی ہیں، نفرت انگیز بیانیے مسترد کر کے معاشرے میں برداشت، امن اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نفرت کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذہبی، نسلی، صنفی بنیاد پر یا قومی سطح پر روکنا عالمی ہم آہنگی کی کلید ہے، نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینا ہوگی۔