پی پی 145 سمیع اللہ خان کے انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے کی درخواست خارج

لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے حلقہ پی پی 145سے مسلم لیگ (ن ) کے امیدوار اور وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے شوہر سمیع اللہ خان کے خلاف انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے کی درخواست خارج کر دی۔درخواست پی ٹی آئی کے رہنما یاسر گیلانی کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس سلطان تنویر احمد نے آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں درخواست کو قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی بنیاد پر مسترد کر دیا گیا۔فیصلے کے مطابق درخواست اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نہیں تھی، اسے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 4 کے تحت دائر نہیں کیا گیا، درخواست دائر کرتے وقت سیکشن 142 اور 143 پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔عدالت نے سپریم کورٹ کے اس نوعیت کے کئی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ یہ درخواست تکنیکی بنیادوں پر قابلِ سماعت نہیں۔