قومی کھیل ہاکی کے فروغ، ملک کی خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کیں
جدہ(سپورٹس ڈیسک )سابق ہاکی چیمپئن اور چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔سمیع اللہ خان امریکہ سے پاکستان جاتے ہوئے سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں انہوں نے مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا، اس کے بعد مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی، نوافل ادا کیے اور گزشتہ روز نماز جمعہ مسجد نبوی ؐ میں ادا کی۔اس موقع پر انہوں نے قومی کھیل ہاکی کے فروغ، ملک کی خوشحالی، سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپئن سمیع اللہ خان نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کی تشکیل مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جائے گی، سفارش کلچر کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ قومی ہاکی کی کھوئی ہوئی عظمت کی بحالی اور موجودہ زوال کو ختم کرنے کے لئے وقت، مسلسل محنت اور درست حکمت عملی کی ضرورت ہے، جس کے لیے کمیٹی کے ساتھ مکمل ٹیم ورک کے طور پر کام کرنا ہوگا۔