دنیا کے نایاب ترین اور تقریباً مکمل ڈائنو سار فوسلز میں سے ایک سریٹو سارس (Ceratosaurus) کا ڈھانچہ 30.5 ملین امریکی ڈالر میں نیلام ہو گیا۔
یہ اب تک کے سب سے قیمتی گوشت خور ڈائنو سار فوسلز میں شمار کیا جا رہا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نیلام گھر کی انتظامیہ نے بتایا کہ یہ فوسل اپنی مکمل حالت اور محفوظ ڈھانچے کی وجہ سے انتہائی قیمتی سمجھا جا رہا ہے۔ یہ ڈھانچہ مجموعی طور پر 139 ہڈیوں پر مشتمل ہے، جن میں 57 ہڈیاں صرف سر کے حصے کی ہیں۔ماہرین کے مطابق، سریٹو سارس ایک گوشت خور ڈائنو سار تھا جو 10 فٹ 8 انچ لمبا ہوتا تھا۔ اس فوسل کا تعلق جراسک دور کے آخری حصے سے ہے، جس کا زمانہ تقریباً 150 ملین سال قبل مانا جاتا ہے۔یہ نایاب ڈھانچہ 1996ء میں دریافت ہوا تھا اور اسے ماہرین ڈائنو سار فوسلز میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ نیلامی میں ریکارڈ قیمت پر فروخت ہونے کے بعد یہ فوسل ممکنہ طور پر کسی عجائب گھر یا نجی کلیکشن کا حصہ بنے گا۔