جدید ٹرین کو چلانے کے لیے کوئی نئی لین درکار ہو گی اور نہ ہی درختوں کی کٹائی کی جائے گی
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے لاہور میں ‘‘سپرآٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم’’ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ماڈرن ٹریک لیس اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ ہو گا۔ اس جدید ٹرین منصوبے کے تحت ہائی برڈ الیکٹرک ٹرین کینال روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو تک موجودہ سڑک کے دونوں اطراف چلائی جائے گی۔اس منصوبے کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسے چلانے کے لیے نہ کوئی نئی لین درکار ہو گی اور نہ ہی درختوں کی کٹائی کی جائے گی۔ یہ مکمل طور پر گرین انرجی پر مبنی، بجلی سے چلنے والا اور ماحول دوست ماس ٹرانزٹ منصوبہ ہو گا۔ٹرین کے تمام پرزے چین سے کراچی پہنچا دیے گئے ہیں، جہاں سے انہیں لاہور روانہ کر دیا گیا ہے۔ ٹرین کو علی ٹائون اورنج لائن کے سٹیبلنگ یارڈ میں اسمبل کیا جائے گا۔32 میٹر لمبی یہ جدید ٹرین ایک وقت میں 300 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صرف 10 منٹ کے چارج پر یہ ٹرین 25 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔