پاک فضائیہ نے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر اپنی مہارت اور پیشہ ورانہ قابلیت کا لوہا منواتے ہوئے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 کے پہلے دن C-130 طیارے کی شاندار شرکت کے ذریعے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
یہ عالمی سطح کا معتبر ایئر شو برطانیہ میں منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر سے جدید اور جدید ترین جنگی و نقل و حمل کے طیارے شریک ہوئے۔پاک فضائیہ کی جانب سے شرکت کرنے والے C-130 ہرکولیس اور JF-17 تھنڈر طیارے نہ صرف اپنی اعلیٰ تکنیکی صلاحیتوں کی بنا پر بلکہ اپنی ظاہری تزئین و آرائش کے باعث بھی بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنے رہے۔C-130 طیارے کی تھیماتی ڈیزائننگ اور پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرتی گرافکس نے شائقین کے دل موہ لیے۔
ایئر شو کے پہلے دن دنیا بھر سے آئے ہوئے طیاروں نے فلائنگ ڈسپلے اور پریزنٹیشنز میں حصہ لیا، تاہم پاکستان ایئر فورس کے C-130 کی منفرد پیشکش، تخلیقی ڈیزائن اور پروفیشنل پریزنٹیشن نے ججز اور شائقین کو خاص طور پر متاثر کیا، جس کے نتیجے میں اسے ٹاپ پوزیشن کا اعزاز دیا گیا۔تقریب میں شریک افراد کی بڑی تعداد نے پاک فضائیہ کے اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طیاروں کے ساتھ تصاویر بنوائیں، پائلٹس سے ملاقات کی اور پاکستان کی فضا میں بلندیوں کو چھونے والی کامیابیوں پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستانی قوم کے لیے اعزاز
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو جیسے عالمی سطح کے ایونٹ میں کامیابی پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جدید مہارت اور قومی جذبے کی عکاس ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف فضائی محاذ پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہے بلکہ دنیا بھر میں پاکستانی پرچم کے بلند ہونے کا بھی باعث بنی ہے۔پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق یہ اعزاز ہر پاکستانی کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور فضائیہ آئندہ بھی دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے لیے اسی جذبے کے ساتھ اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔