بھارت کی جانب سے ایک اور بزدلانہ حملے کے بعد پاک فضائیہ نے پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کے ساتھ فوری اور بھرپور ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے پانچ جنگی طیارے تباہ کر دیے، جن میں تین رفائیل، ایک ایس یو-30 اور ایک مگ-29 شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی طیاروں کی تباہی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بھارتی جنگی طیارہ سرینگر اور پلوامہ کے درمیان پامپور کے مقام پر گر کر تباہ ہوا اور مکمل طور پر جل کر راکھ بن گیا۔اس سے قبل ایک اور طیارے کی اکھنور سیکٹر میں گرنے کی فوٹیج بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کو اس بھاری نقصان پر شدید خفت کا سامنا ہے، اور بھارتی میڈیا نے شروع میں اس واقعے کو دبانے کی کوشش کی، تاہم عوامی دباؤ اور سوشل میڈیا پر ویڈیوز کے بعد تین طیارے گرنے کا اعتراف کرنا پڑا۔سیکیورٹی ماہرین کے مطابق پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر دشمن نے جارحیت کی تو اسے سخت ترین جواب دیا جائے گا۔