ترکیہ کے استنبول میں غزہ اجلاس آج منعقد ہوگا، جس کی میزبانی ترک وزیر خارجہ حاقان فدان کریں گے۔
اس اجلاس میں 8 عرب اور مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہیں، جن میں ترکیہ، پاکستان، سعودی عرب، قطر، مصر، اردن، انڈونیشیا اور یو اے ای شامل ہیں۔پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔اجلاس میں غزہ جنگ بندی معاہدے میں حالیہ پیش رفت اور انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ترک وزیر خارجہ اجلاس میں اسرائیل کی جنگ بندی سے بچنے کے حربے اور حالیہ جارحیت کو اجاگر کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان غزہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد پر زور دے گا اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں، خصوصاً غزہ سے مکمل اسرائیلی فوج کے انخلاء کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔