پونتیاناک اور ٹینجرانگ میں 13گرفتاریاں ،6بچوں کو بازیاب کرایا گیا، عمریں ایک سال کے قریب ہیں،حکام
کوالالمپور(آئی این پی )انڈونیشیا میں بچوں کی سمگلنگ کرنے والا ایک بین الاقوامی گروہ پولیس نے پکڑ لیا ہے۔ برطانوی خبر رساںادارے کے مطابق حکام نے رواں ہفتے انڈونیشیا کے شہروں پونتیاناک اور ٹینجرانگ میں 13گرفتاریاں کیں جبکہ 6بچوں کو بازیاب کرایا گیا جن کی عمریں ایک سال کے قریب ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق اس گروپ نے مبینہ طور پر 2023سے اب تک سنگاپور میں کم از کم 25 شیر خواروں کی خرید و فروخت کی تھی۔ ویسٹ جاوا پولیس کریمنل انویسٹی گیشن کے ڈی جی نے بتایا کہ ان بچوں کو پہلے پونتیاناک میں رکھا گیا تھا اور سنگاپور بھیجے جانے سے پہلے ان کی امیگریشن دستاویزات کا بندوبست کیا گیا۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یہ گروہ ان والدین یا حاملہ ماں کو نشانہ بناتا تھا جو مبینہ طور پر اپنے بچے کی پرورش نہیں کرنا چاہتے تھے۔ یہ افراد ان ماں سے وٹس ایپ یا دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کے ذریعے رابطہ کرتے تھا۔ پولیس کے مطابق کچھ بچوں کا ماں کے رحم میں رہتے ہوئے ہی سودا کرلیا جاتا تھا اور پیدائش کے بعد ڈلیوری کے اخراجات کے علاوہ بچوں کی ماں کو رقم ادا کی جاتی تھی اور بچہ لے کر ٹریفکنگ میں استعمال کیا جاتا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ گروپ میں شامل افراد ایسے بچوں اور خاندانوں کا دیکھ بھال کرنے والوں اور گھر میں کام کاج کرنے والوں کے ذریعے پتا لگاتے تھے ۔ بچوں کو ماں سے لے جانے کے بعد 2سے 3ماہ کے لیے کیئر ٹیکر سنبھالتے تھے، وہیں ان کے پیدائشی سرٹیفکیٹ، پاسپورٹ اور دستاویزات تیار کیے جاتے تھے۔ پولیس کے مطابق بچوں کو 11ملین انڈونیشین روپیہ سے 16ملین انڈونیشین روپیہ کے درمیان فروخت کیا گیا۔