پیسوں کے بدلے ایرانی راکٹ حملوں اور اسرائیلی دفاعی میزائل انٹرسیپشن کی ویڈیوز ایران کو فراہم کرتا رہا
تل ابیب(آئی این پی ) اسرائیل کی داخلی سکیورٹی ایجنسی شین بیت نے انکشاف کیا ہے کہ ایک اسرائیلی فوجی پر ایران کے لیے جاسوسی کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس پر اب فردِ جرم بھی عائد کر دی گئی ہے۔ غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطا بق حکام کا کہنا ہے کہ یہ فوجی حالیہ 12روزہ جنگ کے دوران ایران سے رابطے میں تھا اور پیسوں کے بدلے ایرانی راکٹ حملوں اور اسرائیلی دفاعی میزائل انٹرسیپشن کی ویڈیوز ایران کو فراہم کرتا رہا۔شین بیت نے وضاحت کی ہے کہ فوجی نے اپنی ڈیوٹی کے دوران کوئی خفیہ فوجی معلومات فراہم نہیں کیں، لیکن یہ واقعہ اس لیے انتہائی حساس قرار دیا جا رہا ہے کیوں کہ یہ براہ راست رابطہ دشمن ریاست کے ساتھ تھا۔ملٹری کورٹ نے حکم دیا ہے کہ ملزم فوجی کو آئندہ ہفتے تک حراست میں رکھا جائے تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکیں۔