بھارتی بشنوئی گینگ کی بی پراک کو جان سے مارنے کی دھمکی، 10 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ

بھارتی بشنوئی گینگ کی بی پراک کو جان سے مارنے کی دھمکی، 10 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ

بھارتی بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے معروف پنجابی گلوکار اور میوزک ڈائریکٹر پراتیک بچن المعروف بی پراک کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے اور 10 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی پراک کے قریبی ساتھی اور پنجابی گلوکار دلنور کو 5 جنوری کو ایک غیر ملکی نمبر سے دو مسڈ کالز موصول ہوئیں، جنہیں ابتدا میں نظر انداز کر دیا گیا۔ اگلے روز اسی نوعیت کی ایک اور کال موصول ہوئی، جس میں کال کرنے والے شخص نے خود کو ارجو بشنوئی ظاہر کیا اور بشنوئی گینگ کا رکن ہونے کا دعویٰ کیا۔کالر نے دلنور سے مطالبہ کیا کہ وہ بی پراک تک اس کا دھمکی آمیز پیغام پہنچائے۔ مبینہ طور پر پیغام میں 10 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا اور ادائیگی کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی۔ دھمکی میں کہا گیا کہ بی پراک دنیا میں کہیں بھی چلے جائیں، اگر ان سے وابستہ کوئی شخص گینگ کے قریب پایا گیا تو نقصان پہنچایا جائے گا۔دھمکی دینے والے نے یہ بھی کہا کہ اگر مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو بی پراک کو جان سے مار دیا جائے گا۔ واقعے کے بعد دلنور کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کالز کا سراغ لگایا جا رہا ہے جبکہ ملوث افراد کی شناخت کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بی پراک اور ان کے قریبی افراد کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ بی پراک پنجابی اور ہندی موسیقی کی دنیا کے معروف گلوکار اور میوزک ڈائریکٹر ہیں۔ انہوں نے ’’من بھرّیا‘‘ جیسے سپر ہٹ گانوں سے شہرت حاصل کی جبکہ فلم اینمل کا مقبول گانا ’’ساری دنیا جلا دیں گے‘‘ بھی ان کے نمایاں کاموں میں شامل ہے۔