سی سی ڈی ، گھر سے بھاگنے والے174بچے بازیاب

کئی بچوں کے اغواء کے مقدمات ملک کے مختلف تھانوں میں درج تھے
لاہور(کرائم رپورٹر)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب نے سال 2025 کے دوران دکھی انسانیت کی خدمت میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچوں کے اغواء ، گمشدگی اور گھروں سے بھاگنے کے واقعات میں متاثرہ خاندانوں کو بڑا ریلیف فراہم کیا۔ ترجمان سی سی ڈی پنجاب کے مطابق انسدادِ اغواء برائے تاوان سیل لاہور کی کارکردگی گزشتہ سال غیر معمولی رہی۔سال 2025 کے دوران اغواء ، گمشدہ اور گھر سے بھاگنے والے 174 بچوں کو کامیابی سے بازیاب کر کے ان کے والدین اور قانونی وارثان کے حوالے کیا گیا۔ کئی بچوں کے اغواء کے مقدمات ملک کے مختلف تھانوں میں درج تھے جن پر سی سی ڈی نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو تلاش کیاانہوں نے مزید بتایا کہ بچوں کے اغواء میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ بازیاب ہونے والے بچوں کی ذہنی بحالی کے لیے ماہر سائیکالوجسٹ سے کونسلنگ کروائی گئی جبکہ منشیات اور جسمانی زیادتی کا شکار بچوں کو فوری طبی امداد بھی فراہم کی گئی۔انسدادِ اغواء برائے تاوان سیل ایدھی سینٹرز، چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مشترکہ کارروائیاں کر رہا ہے تاکہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔سی سی ڈی پنجاب نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ نابالغ بچوں کے جنسی استحصال، چائلڈ ٹریفکنگ، ہراسمنٹ، جبری مشقت اور دیگر سنگین جرائم کی فوری نشاندہی کریں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بچوں کے اغواء اور ہر قسم کے استحصال کے خلاف انسدادِ اغواء برائے تاوان سیل سی سی ڈی بھرپور اور بلاامتیاز کارروائی کرے گا۔