خان نے کہا تھا ہٹنا نہیں، میں نے سب کو کہا مجھے اکیلا نہیں چھوڑنا لیکن سب نے مجھے اکیلا چھوڑدیا تھا ‘ وہاں بالکل تنہا تھی
میری گاڑی پر سیدھی فائرنگ کی گئی،بشری بی بی ‘ جاں بحق کارکن تاج الدین کے گھر جا کر اہلخانہ کو ایک کروڑ کا چیک دیا
چارسدہ (آئی این پی )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے کہا ہے بھاگنے والی عورت نہیں، ڈی چوک پر مجھے اکیلا چھوڑ دیا گیا تھا۔ تفصیل کے مطابق بشری بی بی نے چارسدہ کا دورہ کرکے ڈی چوک میں احتجاج کے دوران مبینہ طور پر جاں بحق ہونے والے کارکن تاج الدین کے گھر گئیں ۔ ورثا سے تعزیت کی اور انہیں ایک کروڑ کا چیک دیا جبکہ بشری بی بی نے زاہد آباد میں شہید تاج الدین کے نام سے گرلز ہائی سکول بنانیکا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر بشری بی بی نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اتنے دنوں سے شہادتوں کی وجہ سے تکلیف میں تھی، مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ لوگ اتنا جھوٹ کیوں بول رہے ہیں، میں بھاگنے والی عورت نہیں ہوں، جو خان کے لیے نکلے ان کو تو بالکل بھی اکیلا چھوڑ کر نہیں جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ کسی کو نہیں پتہ تھا کہ میری گاڑی کون سی ہے، ساڑھے 12 بجے تک میں ڈی چوک میں اپنی گاڑی میں بالکل اکیلی تھی، اس کے بعد بہت سے گاڑیاں آئی تھی کیونکہ ڈی چوک کو زبردستی خالی کرایا جارہا تھا۔انہوں نے کہا کہ بی بی وہاں سے نہیں ہٹی تھی کیوں کہ خان نے کہا تھا کہ ہٹنا نہیں، میں نے سب کو کہا کہ مجھے اکیلا نہیں چھوڑنا لیکن سب نے مجھے اکیلے چھوڑدیا تھا اور میں وہاں بالکل اکیلی تھی۔ جب میں ڈی چوک سے نہیں جارہی تھی تو میری گاڑی پر سیدھی فائرنگ کی گئی۔ باقی قافلہ بعد میں آیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پٹھان ہمیشہ غیرت مند رہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اس کا ثبوت دیا ہے، انہوں نے واضح کیا وہ عمران خان کی ہدایت پر جاں بحق کارکنوں کے لواحقین سے ملنے آئی ہیں