پنجاب حکومت نے سہولت بازاروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا، 30 نئے بازار تعمیر کیے جائیں گے

پنجاب حکومت نے سہولت بازاروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا، 30 نئے بازار تعمیر کیے جائیں گے

پنجاب حکومت نے عوام کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے سہولت بازاروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 اس سلسلے میں صوبے بھر میں تحصیل کی سطح پر 30 نئے سہولت بازاروں کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔محکمہ متعلقہ کے مطابق نئے بازاروں کے ٹینڈرنگ کے عمل مکمل کر کے کنٹریکٹس ایوارڈ کر دیے گئے ہیں، اور ان منصوبوں کو 30 جون 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں موجودہ 46 سہولت بازاروں پر سالانہ تقریباً 8 کروڑ 50 لاکھ افراد نے خریداری کی۔ نئے منصوبے کی تکمیل کے بعد صوبے میں سہولت بازاروں کی مجموعی تعداد 154 ہو جائے گی۔توسیعی منصوبے کے تحت نئے بازاروں میں 15 ہزار 400 دکانیں قائم کی جائیں گی، جس سے 30 ہزار 800 افراد کو روزگار اور 1 لاکھ 84 ہزار سے زائد خاندانوں کو معاشی فائدہ پہنچے گا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے چھوٹے تاجروں کو سستی اور شفاف کاروباری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مزید برآں مالی سال 2026–27 تک ہر تحصیل میں سہولت بازار قائم کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سرکاری زمین کی نشاندہی کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنرز کے کے پی آئیز میں سہولت بازاروں کے انتظامی امور شامل کر دیے گئے ہیں۔