وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں عوامی سہولت کے بڑے منصوبے کے تحت 27 نئے سہولت بازاروں کی تکمیل کے لیے جولائی کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔
اس منصوبے کا مقصد عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مقامی معیشت کو فروغ دینا ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق، یہ سہولت بازار نہ صرف مختلف اضلاع میں مستقل بنیادوں پر قائم کیے جائیں گے بلکہ 13 “سہولت آن دی گو” بازار بھی متعارف کروائے جائیں گے۔ ان “آن دی گو” بازاروں کا آغاز خاص طور پر لاہور، قصور اور فیصل آباد کی مختلف تحصیلوں سے ہوگا، تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام تک سہولیات پہنچ سکیں۔ان 27 نئے سہولت بازاروں میں تقریباً 1300 نئے کاروبار شروع ہوں گے، جن سے مقامی معیشت کو تقویت ملے گی۔ اس کے علاوہ، ان منصوبوں سے 600 سے زائد افراد کے لیے براہ راست روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گے۔ حکام کے مطابق، ان سہولت بازاروں سے سالانہ 9 کروڑ سے زائد شہری مستفید ہو سکیں گے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ تمام سہولت بازاروں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے تاکہ شفافیت اور بہتر انتظام یقینی بنایا جا سکے۔ مزید برآں، ان بازاروں میں پانی، مساجد اور فیملی فرینڈلی ماحول جیسی بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس عہد کو ہر صورت پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان سہولت بازاروں کے قیام سے عوام کو واضح معاشی ریلیف ملے گا، اور یہ منصوبہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔