ایچ بی ایل پی ایس ایل کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں، ڈرافٹ کی جگہ آکشن سسٹم نافذ

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں، ڈرافٹ کی جگہ آکشن سسٹم نافذ

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اب کھلاڑیوں کی سلیکشن ڈرافٹ کے بجائے آکشن کے ذریعے کی جائے گی۔

پی ایس ایل میں مینٹورز، برانڈ ایمبیسڈر اور رائٹ ٹو میچ (RTM) کے قوانین کو ختم کر دیا گیا ہے۔ نئے آکشن سسٹم کے تحت ٹیموں کی تشکیل زیادہ متوازن ہوگی جبکہ کھلاڑیوں کو بہتر مالی مواقع میسر آئیں گے۔ لیگ میں شامل ہونے والی دونوں نئی ٹیموں کو آکشن سے قبل چار، چار کھلاڑی منتخب کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔نئے انتظامی ڈھانچے کے مطابق ہر فرنچائز کو ایک بین الاقوامی کھلاڑی کو ڈائریکٹ سائن کرنے کی اجازت ہوگی۔ آکشن میں استعمال کے لیے ہر ٹیم کا سیلری کیپ 16 لاکھ ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔

آکشن سے قبل ہر فرنچائز مجموعی طور پر چار کھلاڑی ریٹین کر سکے گی، تاہم شرط یہ ہے کہ ہر کیٹیگری سے زیادہ سے زیادہ ایک کھلاڑی کو برقرار رکھا جا سکے گا۔ ڈائریکٹ سائننگ کے لیے اہل بین الاقوامی کھلاڑی کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ پی ایس ایل 2025 ایڈیشن کا حصہ نہ رہا ہو۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہوگا، جبکہ چند میچز کا انعقاد اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں بھی کیا جائے گا۔