محکمہ موسمیات کی بارش اور برفباری کی پیشگوئی، کئی علاقوں میں دھند کا امکان

محکمہ موسمیات کی بارش اور برفباری کی پیشگوئی، کئی علاقوں میں دھند کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک کے چند علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خطہ پوٹھوہار میں بھی موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پنجاب کے مختلف اضلاع لاہور، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میانوالی میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان کے بیشتر علاقوں میں بھی دھند کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کل سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔