عابد علی سے شادی کے بعد محبت پروان چڑھی:رابعہ عابد علی

عابد علی سے شادی کے بعد محبت پروان چڑھی:رابعہ عابد علی

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ مرحوم اداکار عابد علی کی دوسری اہلیہ اور معروف سینئر اداکارہ رابعہ عابد علی نے حال ہی میں ایک پروگرام میں اپنی ذاتی زندگی کے اہم پہلوؤں کا انکشاف کیا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ عابد علی سے شادی کا فیصلہ دونوں کے لیے ایک نہایت مشکل اور حساس مرحلہ تھا۔رابعہ عابد علی نے پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ماضی کے یادگار لمحات اور زندگی کے اہم فیصلوں پر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ عابد علی پہلے سے شادی شدہ اور ایک خاندان کے سربراہ تھے، اس لیے ان کے لیے یہ فیصلہ آسان نہیں تھا۔ خود ان کے دل میں بھی تذبذب تھا کہ وہ اپنی دونوں شادیوں اور بچوں کے درمیان توازن کیسے قائم کریں گے۔رابعہ عابد علی نے وضاحت کی کہ انہوں نے شروع میں عابد علی پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا کیونکہ وہ ایک سنجیدہ اور ذہین انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا رشتہ اللہ کی طرف سے مقدر تھا اور یہ ملاقات ڈرامے کے سیٹ پر ہوئی، جس کے بعد دونوں نے تین سال تک سوچ بچار کے بعد باہمی رضامندی سے اپنی محبت اور تعلق کو باضابطہ شکل دینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے عابد علی سے کہا تھا کہ وہ ان کی زندگی میں کسی قسم کا خلل نہیں ڈالنا چاہتی، اور انہوں نے یہ بھی سنا تھا کہ عابد علی غصے کے تیز انسان ہیں، لیکن حقیقت میں وہ بہت نرم دل کے انسان تھے۔ شادی سے پہلے ان کے درمیان صرف ایک سمجھ بوجھ تھی، مگر محبت شادی کے بعد پروان چڑھی۔یاد رہے کہ رابعہ عابد علی اور عابد علی 2006 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اور 2019 میں عابد علی کا انتقال ہو گیا تھا۔ ان کے اس انکشاف نے ان کی زندگی کے خفیہ پہلوؤں کو سامنے لایا اور مداحوں کو ایک نیا اندازہ دیا کہ اس عظیم اداکار کے زندگی کے پیچھے بھی ایک محبت اور قربانی کی کہانی چھپی ہے۔