کرم میں فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کے سر کی قیمت مقرر

کرم میں فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کے سر کی قیمت مقرر

پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے کرم میں حالیہ فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے ان کے سر کی قیمت مقرر کردی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق، حکومت نے ملزم کاظم ولد گل بادشاہ کے سر کی قیمت 10 کروڑ روپے مقرر کی ہے، جو کرم میں فائرنگ کے سنگین واقعات میں ملوث ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دیگر مطلوب ملزمان کے سر کی قیمت 8 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ان ملزمان کے بارے میں معلومات ہوں تو وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کریں۔

یہ فیصلہ کرم میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے تحت کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات علاقے میں جاری بدامنی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوں گے۔مزید برآں، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں خصوصی سرچ آپریشنز بھی کر رہے ہیں، جبکہ اضافی سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔