وزیراطلاعات کے رات گئے محفل تھیٹر اور ناز تھیٹر کے دورے، مسائل سنے
لاہور (کرائم رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی سٹیج اداکار لکی ڈیئر کے گھر آمد، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے 25 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا۔عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے خصوصی طور پر بھجوایا گیا گلدستہ بھی اداکار کو پیش کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر پنجاب شازیہ رضوان اور پنجاب آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر محمد تنویر ماجد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ فنکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی بدولت پاکستان کا دنیا بھر میں نام ہے۔ بعد ازاں وزیر اطلاعات نے رات گئے محفل تھیٹر اور ناز تھیٹر کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیک سٹیج، صفائی ستھرائی اور فنکاروں کے ڈریسنگ رومز کا معائنہ کیا۔ اس دوران عظمیٰ بخاری نے سٹیج فنکاروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے تھیٹرز میں قائم کنٹین اور کیفے ٹیریا میں کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور معیاری سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ دورے کے دوران معروف اداکار آغا ماجد اور ظفری خان سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔