شانگلہ میں طلبہ سے بھری سکول جیپ کھائی میں جا گری، ایک طالب علم جاں بحق، 18 زخمی

شانگلہ میں طلبہ سے بھری سکول جیپ کھائی میں جا گری، ایک طالب علم جاں بحق، 18 زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں طلبہ کو اسکول لے جانے والی جیپ تیز رفتاری کے باعث گہری کھائی میں جا گری۔

 حادثے کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق جبکہ 18 طلبہ زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ ضلع شانگلہ کے علاقے بیلے بابا، شلمانوں پیر آباد میں پیش آیا، جہاں طلبہ سے بھری اسکول جیپ بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں اور مقامی انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور زخمی بچوں کو جیپ سے نکال کر فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال الپوری منتقل کیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی طلبہ کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے طالب علم کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔واقعے کے بعد ڈپٹی کمشنر شانگلہ حامد علی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال الپوری کا دورہ کیا اور زخمی بچوں کی عیادت کی۔

 اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے زخمی طلبہ کے علاج معالجے، طبی سہولیات اور فراہم کی جانے والی امداد کے حوالے سے بریفنگ بھی حاصل کی۔ضلعی انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق طالب علم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دوسری جانب پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسکول کے پرنسپل اور متعلقہ ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کی جانب سے حادثے کے اسباب اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔