مشرقی بحرالکاہل: امریکی فوج کی کارروائی میں 5 منشیات اسمگلرز ہلاک

مشرقی بحرالکاہل: امریکی فوج کی کارروائی میں 5 منشیات اسمگلرز ہلاک

امریکی فوج نے مشرقی بحرالکاہل میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث مشتبہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو کشتیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکی سدرن کمانڈ کے مطابق یہ کارروائی جمعرات کے روز بین الاقوامی پانیوں میں کی گئی۔ سدرن کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق منشیات اسمگلنگ اور دہشت گرد سرگرمیوں سے تھا۔بیان کے مطابق پہلی کشتی پر کی گئی کارروائی میں 3 افراد جبکہ دوسری کشتی پر حملے کے دوران 2 افراد مارے گئے۔ امریکی فوج نے واضح کیا کہ اس کارروائی میں امریکی اہلکار محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ مہلک فضائی اور بحری کارروائیاں 18 دسمبر کو وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کی ہدایت پر جوائنٹ ٹاسک فورس "سدرن اسپیئر" کے تحت انجام دی گئی تھیں۔

خفیہ معلومات کے مطابق یہ کشتیاں مشرقی بحرالکاہل میں منشیات اسمگلنگ کے معروف راستوں پر سفر کر رہی تھیں اور نامزد دہشت گرد تنظیموں کے زیرِ انتظام تھیں۔امریکی حکام کے مطابق یہ کارروائی منشیات اسمگلنگ اور اس سے جڑی دہشت گرد سرگرمیوں کے خلاف جاری آپریشن "آپریشن سدرن اسپیئر" کا حصہ ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی سطح پر منظم جرائم کے نیٹ ورکس کا خاتمہ کرنا ہے۔