وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی شدت بڑھانے پر زور دیا ہے۔
وزیر اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروپوں کی جائیداد اور اثاثوں کی ضبطگی کے لیے فوری قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے اور ساتھ ہی کہا کہ بیرون ملک سے پاکستانیوں کی حوالگی کے لیے ضروری ممالک سے رابطے کیے جائیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ تادیبی کارروائیوں کا مقصد یہ ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے سہولت کاروں اور ملوث افراد کے خلاف زیادہ سخت قانون نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوام کو آگاہ کیا جائے کہ وہ صرف قانونی راستوں کے ذریعے بیرون ملک ملازمتوں کے لیے جائیں۔
اس کے علاوہ، وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والے افراد کی اسکریننگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ اسمگلنگ کے رجحانات کو روکا جا سکے۔شہباز شریف نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا، اور یہ پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ اس جرائم کی روک تھام ہو سکے اور اس میں ملوث افراد کے لیے عبرت کا سامان فراہم کیا جا سکے۔