دیرپا حکمت عملی صوبے میں امن، استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی :مقررین کا سٹریٹجک پلاننگ ورکشاپ سے خطاب
لاہو ر(آئی این پی )پنجاب میں پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام کیلئے ایک جامع اور قابلِ عمل 5 سالہ حکمتِ عملی تیار کی گئی ہے۔پنجاب سنٹر آف ایکسیلینس آن کائو نٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کے تحت اس سلسلے میں دو روزہ سٹریٹجک پلاننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ کی صدارت اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کی جبکہ ملک بھر سے پالیسی سازوں، سکیورٹی اداروں کے اعلی حکام، ماہرینِ تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ورکشاپ کے دوران ماہرین نے تحقیق پر مبنی، پالیسی پر مرکوز اور عملی اقدامات اپنانے کی ضرورت پر زور دیا، ڈپٹی کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر احمد خاور شہزاد نے CoE-CVE کے وژن اور ادارہ جاتی فریم ورک سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف محض ردِعمل کے بجائے انسدادی اقدامات، سماجی ہم آہنگی اور شمولیتی حکمتِ عملی اپنائی جائے۔