لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری سکولز کو آئوٹ سورس کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کو خارج کر دیا،جسٹس شاہد کریم نے اعتراز احسن سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت حکومتی پروگرام کو چیلنج کیا،درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت پنجاب حکومت کا سکولز کو آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ بند سرکاری سکولز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے آئوٹ سورس کیا جارہا ہے، آئوٹ سورس سکولز بھی پنجاب حکومت کے زیر اہتمام رہیں گے۔درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت کا سرکاری سکولز کو پرائیویٹ کرنے کا اقدام خلاف قانون ہے۔سرکاری سکولز پرائیویٹ ہونے سے فیسوں میں اضافہ کردیا جائے گا۔غریب کے بچے سرکاری سکولز کی بنیادی تعلیم سے محروم ہو جائیں گے۔بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری سکولز کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کو خارج کردیا۔