مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، جمہوریت مستحکم ہوگی:ایاز صادق

مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، جمہوریت مستحکم ہوگی:ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر مذاکرات کو مسائل کے حل کا سب سے موثر طریقہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر کا کردار بہت ذمہ داری کا حامل ہوتا ہے اور انہیں کم بولنا اور درگزر کرنا ضروری ہے۔ ایاز صادق نے کہا کہ کسی ممبر کے ساتھ بات چیت میں الجھاؤ پیدا نہ کریں اور اداروں کو مستحکم بنانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ سپیکر اور جج دونوں اہم ذمہ داریوں کا حامل ہوتے ہیں اور ان کے فیصلوں کی پکڑ بھی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ ایاز صادق نے اس بات پر زور دیا کہ سپیکر کی حیثیت سے ان کے پاس بہت سی ایسی باتیں ہیں جنہیں اگر وہ ظاہر کریں تو بعض ممبران کو آئندہ ٹکٹ نہیں مل سکتا، لیکن یہ تمام راز ان کے سینے میں دفن ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمیں ماحول کو بہتر بنانا ہوگا اور تلخیوں کو کم کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں اور اسی راستے پر چل کر جمہوریت کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے حل ہوتے ہیں اور ضروری نہیں کہ ہر مسئلہ حل ہو جائے یا ہر شرط کو مانا جائے، لیکن عزت و احترام کے ساتھ آگے بڑھنا ممکن ہے۔