کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی تفتیش جاری ہے، جس میں اب تک مجموعی طور پر 41 افراد کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق، مقتول کے دوست، بزنس پارٹنر، گیسٹ ہاؤس عملہ اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات لئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، مقتول کے پیسے دینے والے افراد کی فہرست بھی تیار کی جا رہی ہے۔تفتیشی ذرائع کے مطابق، گیسٹ ہاؤس کی مکمل تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں، جہاں مالک نے بذریعہ بروکر مکان کرائے پر دیا تھا، اور مکان کرائے پر لینے کے بعد اسے دوسرے شخص کو دے دیا گیا۔ تمام افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق، سی آر پی سی 160 کے تحت کسی بھی فرد کو شامل تفتیش کیا جا سکتا ہے۔مزید برآں، میر رضا کی دونوں میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، اور واقعے کی جگہ کی جیو فینسنگ رپورٹ بھی حاصل کی گئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ، آئی پی ڈی آر کی تفصیلات اور اسمارٹ واچ کی فرانزک رپورٹ میں کچھ وقت لگے گا، تاکہ کیس کے حقائق کو واضح کیا جا سکے۔